ایڈمن بلاک میں پابندیوں پر عملدرآمد کا حکم

جیلوں میں ملاقات محدود اور قیدی سہولیات کا نیا نظام نافذ
لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی جیل نے ایڈمن بلاک میں چار کیٹگریز پر پابندیوں کے نفاذ کا حکم دیا ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹس سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی ملاقات ایڈمن بلاک میں نہیں کروائیں گے، جبکہ سزائے موت کے قیدیوں کی ملاقات پہلے سے بند ہے۔ چاروں کیٹگریز میں صرف قیدیوں کے خونی رشتہ دار یا وکیل کی ملاقات ممکن ہوگی۔ تمام قیدیوں کی ملاقات ہفتہ میں ایک بار کی بجائے دو بار سسٹم کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔ قیدیوں کو سپلائی کرنے کے بعد والا کھانا کچن سے فوری ضائع کیا جائے گا اور قیدیوں کے ورثاء￿  کے لائے گئے کھانے یا سامان کے لیے تین سلپس تیار کیے جائیں گے: ایک ملاقات کے لیے، دوسری قیدی کے لیے اور تیسری جیل کے ریکارڈ کے لیے۔ آئی جی جیل کی جانب سے یہ مراسلہ تمام جیلوں میں عملدرآمد کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔