وزیر صحت کااچانک دورہ ، خراب لفٹ کو ہنگامی بنیادوں پر درست کرنیکاحکم
لاہور(کرائم رپورٹر )وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب خواجہ عمران نذیر نے سی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر زوہیب کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال رائیونڈ کا اچانک دورہ کیا۔تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال میں ناقص انتظامات اور دیگر عملہ کی جانب سے متعدد شکایات پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ایڈمن منیجر ہسپتال مفصل علی کو فوری طور پر نوکری سے برخاست کردیا،جبکہ ہسپتال میں عرصہ دراز سے خراب لفٹ کو ہنگامی بنیادوں پر درست کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔اس موقع پر عملہ صفائی کے اہلکار کی کئی ماہ سے بند تنخواہ کو فوری ادائیگی کے احکامات بھی جاری کئے۔ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر جویریہ اسلم کی درخواست پر سی ای او ہیلتھ ضلع لاہور ڈاکٹر زوہیب احمد اور وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال میں مزید ڈاکٹر تعینات کرنے کا حکم دیدیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہسپتال میں کسی قسم کی اندرونی چپقلش برداشت نہیں کی جائے گی، سب اپنا قبلہ درست کرلیں۔