لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے والے خطرناک گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نوکری پر جانے والی خواتین کو خاص طور پر نشانہ بناتے تھے اور اکثر میٹرو اسٹیشن کے گرد گھات لگا کر واردات کرتے۔ صرف اسنیچنگ ہی نہیں بلکہ یہ گینگ گھروں میں گھس کر چوریاں بھی کرتا رہا۔ ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ ملزمان موٹر سائیکل پر جھپٹا مارتے اور خواتین سے پرس، موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہو جاتے۔دس روز قبل شاہدرہ ٹاؤن میں بھی ملزمان نے ایک شہری کی بہن کو نشانہ بنایا تھا۔ اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں ملزمان کو واضح طور پر واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا گیا تھا۔
پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ یہ گینگ ایک نئی واردات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس پر فوری کارروائی کی گئی اور منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ چند دنوں کے اندر ہی دونوں ملزمان ناصر اور عمران کو مالِ مسروقہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فونز، آرٹیفیشل جیولری، جوسر اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں تک بھی پہنچا جا سکے۔