ویب ڈیسک: پاکستان کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال دن بہ دن سنگین ہوتی جا رہی ہے، خاص طور پر ستلج اور جناح بیراج پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے۔
ہری پور میں تربیلا ڈیم میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا ہے، جہاں پانی کی آمد 4 لاکھ 5 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 70 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ ڈیم میں پانی کی سطح 1547.96 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جب کہ فل لیول 1550 فٹ ہے۔ سپل ویز کھولنے کے بعد دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب پیدا ہوا، جس کے باعث تربیلا ٹی فائیو پراجیکٹ پر کام بند کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
ادھر قصور میں دریائے ستلج کے کنارے ولے والا گاؤں کے حفاظتی بند مختلف مقامات سے ٹوٹ گئے، جس کے نتیجے میں پانی گاؤں کے راستوں اور کھیتوں میں داخل ہو گیا اور مقامی افراد نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح 19.30 فٹ جبکہ بہاؤ 66 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب کالاباغ میں جناح بیراج کے مقام پر بھی دریائے سندھ میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور درمیانے درجے کی سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے محتاط رہنے اور سیلابی علاقوں میں جانے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔