پاک فوج نے سیلاب سے متاثرہ خیبر پختونخوا کے عوام کی مدد کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو عملی شکل دیتے ہوئے اپنی ایک دن کی تنخواہ اور راشن عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدام پاک فوج کے جوانوں کی انسانیت پسندی اور خدمت خلق کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سربراہ پاک فوج، نے خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تعینات فوج سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔پاک فوج کے جوان اپنا ایک دن کا راشن اور تنخواہ سیلاب زدہ عوام کی بحالی کے لیے وقف کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ایک دن کا فوجی راشن تقریباً 600 ٹن سے زیادہ بنتا ہے، جو متاثرین کے لیے ایک بڑی امدادی رقم ہے۔
مزید براں، خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اضافی فوجی دستے بھی روانہ کیے جا رہے ہیں، جبکہ آرمی کی خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن پہلے سے ہی متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے سرگرم ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج مشکل کی ہر گھڑی میں خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب زدہ عوام کی ہر ممکن مدد جاری رہے گی۔