ٹیکسلا کے علاقے مشرقی آباد، گلی نمبر 5 میں پسند کی شادی کے تنازع پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دو خواتین سمیت تین افراد کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولین میں دانش اکرم، اس کی اہلیہ سیما گل اور بھابھی شہلا شامل ہیں۔ دانش اکرم نے سیما گل سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر مبینہ طور پر تنازع پیدا ہوا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم نجیب اللہ نے تیز دھار آلے کے وار کر کے تینوں افراد کو قتل کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے بھی واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق فرانزک ٹیمیں موقع پر شواہد اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔