ای چالان سے متعلق آفیشل پیغامات صرف "9915" سے ارسال کیے جاتے ہیں
لاہور(کرائم رپورٹر)سیف سٹی اتھارٹی نے ای چالان کے نام پر جعلی SMS کے ذریعے ہونے والے ڈیجیٹل فراڈ پر شہریوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق ای چالان سے متعلق آفیشل پیغامات صرف "9915" سے ارسال کیے جاتے ہیں ترجمان نے واضح کیا کہ سیف سٹی کی جانب سے بھیجے جانے والے ای چالان میسجز میں کسی قسم کا لنک شامل نہیں ہوتا اور نہ ہی SMS کے ذریعے آن لائن ادائیگی، بینک اکاؤنٹ یا کارڈ کی معلومات طلب کی جاتی ہیں۔ اگر "9915" سے موصول ہونے والے کسی مشکوک پیغام میں لنک دیا گیا ہو یا بینک معلومات مانگی جائیں تو شہری فوری طور پر احتیاط برتیں۔انہوں نے بتایا کہ جعلساز مختلف نمبرز سے ای چالان کے نام پر لنکس بھیج کر شہریوں سے بینک معلومات حاصل کرتے ہیں اور رقم بٹور لیتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشکوک لنکس پر کلک کرنے اور غیر مصدقہ ویب سائٹس پر ادائیگی سے مکمل گریز کریں۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ای چالان کی تصدیق صرف سیف سٹی کی آفیشل ویب سائٹ echallan.psca.gop.pk کے ذریعے کی جا سکتی ہے، جبکہ ادائیگی صرف e-Pay Punjab ایپ کے ذریعے PSID بنا کر کی جائے۔ای چالان سے متعلق مزید معلومات کے لیے شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے آپشن 6 دبائیں۔ سیف سٹی نے بتایا کہ ڈیجیٹل فراڈ کے تدارک کے لیے تمام سروس پرووائیڈرز کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور جعلی ویب سائٹس بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی شہریوں کو جعلسازوں اور نوسرباز مافیا کے فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔