دہشتگردی کا ہر وار ناکام بنائیں گے، پاکستان آگے بڑھے گا: آرمی چیف

دہشتگردی کا ہر وار ناکام بنائیں گے، پاکستان آگے بڑھے گا: آرمی چیف

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے سکیورٹی اداروں میں بغاوت کو ہوا دینے والے عناصر ملک کے دشمن ہیں۔

 انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کو روشن مستقبل کی جانب بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں "پاکستان کی روشنی" قرار دیا اور کہا کہ آپ صرف پاکستان کے سفیر ہی نہیں بلکہ وہ چمک ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:

"برین ڈرین کا بیانیہ حقیقت کے برعکس ہے، دراصل یہ برین گین ہے۔ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی فخر سے کریں۔"
جنرل عاصم منیر نے نوجوان نسل کو دو قومی نظریے اور پاکستان کی جدوجہد کی کہانی سے روشناس کروانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو اپنے ماضی سے جوڑنا وقت کی ضرورت ہے۔خطاب میں آرمی چیف نے شہداء اور عوام کے تعلق کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا:

"پاکستان کے غیور عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قوم اپنے شہداء کو عزت و وقار کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اور کوئی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔"
انہوں نے بلوچستان کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا:

"بلوچستان پاکستان کی تقدیر ہے، اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔"
ملک کے استحکام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب ملک کے تمام ادارے آئین و قانون کے مطابق کام کریں تو ایسی ریاست کو ’ہارڈ سٹیٹ‘ کہا جاتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کشمیری عوام اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا:

"کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، تھا، اور ہمیشہ رہے گا۔ پاکستانی قوم کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ ہمیں مایوس نہیں ہونا اور امید کا دامن نہیں چھوڑنا۔"