اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں زیر سماعت پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 26 نومبراحتجاج پر مقدمات میں مزید گواہان کے بیانات قلمبندکرلیے گئے۔گذشتہ روزجوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں تھانہ رمنا کے دو مقدمات کی سماعت کے دوران بیان قلمبند کروا دیا تفتیشی افسر اور اسٹنٹ کمشنر کا بیان باقی رہ گیا، عدالت نے دونوں کیسز پر مزید سماعت آج تک ملتوی کردی، ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے تھانہ ترنول میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران مزید 8 گواہان کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی کے سنگجانی جلسہ پر درج مقدمہ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئیسماعت 24 اپریل تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی پر فیض آباد کے مقام پر احتجاج اور توڑپھوڑ کے مقدمہ میں ملزموں کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر موخر کر دی۔سابق ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی قیوم عباسی کو عدالت نے اشتہاری قرار دینے کی کاروائی شروع کر دی جبکہ غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔ فیصل جاوید خان کیجانب سے دائر حاضری سے اسثتنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ کی عدالت نے ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے پر روف حسن و دیگر کیخلاف کیس کا چالان پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے تفتیشی افسر کو جاری شوکازنوٹس برقرار رکھا اور سماعت 17 اپریل تک کیلئے ملتوی کردی۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ حیدر سعید کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس سمیت چار جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کاروائی 13 مئی تک توسیع کردی۔اے ٹی سی عدالت کے جج منظر علی گل نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر مقدمات میں امتیاز محمود شیخ کی عبوری ضمانتوں پر ریکارڈ پیش نہ ہوسکا عدالت نے عبوری ضمانتوں میں نو مئی تک توسیع کردی۔ادھر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے9 مئی کے مقدمات میں نامزد ملز موں کی غیر حاضری معافی کی درخواست قبول کرلی، عدالت نے 250 سے زائد ملزموں کو عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کا حکم جاری کردیا ہے، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں کی غیر حاضری معافی کی درخواست آج 16اپریل کو عدالت میں جمع کروائے گی ، مرکزی رہنماؤں میں عمر ایوب خان،احمد خان بچھر، بلال اعجاز، احمد چھٹہ، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ شامل ہیں۔