میر رضا قتل کیس : 41افراد کے بیانات قلمبند

کراچی(آئی این پی )کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں جس میں اب تک مجموعی طور پر 41 افراد کے بیانات قلمبند کرلئیگئے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق تفتیشی ذرائع کا کہناہے کہ میر رضا کے دوست، بزنس پارٹنر، گیسٹ ہائوس عملے اور دیگر لوگوں کے بیانات لئے گئے ہیں، مقتول نے جن افراد کے پیسے دینے تھے ان کی لسٹ بھی بنا لی گئی ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گیسٹ ہائوس کی بھی مکمل تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، مالک نے بذریعہ بروکر مکان گیسٹ ہائوس کیلئے ایک شخص کو کرائے پر دیا، مکان کرائے پر لینے والے نے دوسرے شخص کو گیسٹ ہاوس کرائے پر دے دیا، تمام تر افراد کے بھی بیانات لے لئے گئے ہیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق سی آر پی سی 160 کے بیان کے تحت کسی بھی شخص کو شاملِ تفتیش کیا جا سکتا ہے، میر رضا کی دونوں میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور واقعے کی جگہ کی جیو فینسنگ کی رپورٹ بھی حاصل کر لی گئی ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی ڈی آر کی تفصیلات اور اسمارٹ واچ کی فرانزک میں کچھ وقت لگے گا۔