3موٹرسائیکل سوار ڈاکو تاندلیانوالہ روڈ پر لوٹ مار کر رہے تھے، سکول رکشہ آیا تو اندھا دھند فائرنگ کر دی
ماموں کانجن(نامہ نگار)ڈاکو ئوں نے ماموں کانجن میں دوران ڈکیتی اندھا دھند فائرنگ کرکے کمسن طالبعلم قتل اور 2بچوں کو شدید زخمی کر دیا،بیوپاریوں سے 8لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، ورثا اوردیہاتیوں نے واقعہ کے خلاف روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ ماموں کانجن کے علاقہ 490 گ ب تاندلیانوالہ روڈ پر ظفر چوک کے قریب 3 نامعلوم ڈاکو ئوں نے منگل کی دوپہر مویشی منڈی سے جانور فروخت کرکے واپس شیخوپورہ جانے والیڈالہ میں سوار بیوپاریوں کو روک لیا اور ان سے8لاکھ روپے نقدی، قیمتی موبائلز اور دیگر سامان لوٹ لیا، اسی دوران ظفر چوک کی جانب سے طلباء اورطالبات کو لیکر ایک رکشہ وہاں آپہنچا جسے دیکھتے ہی ایک ڈاکو نے رکشہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 6 سالہ طالبعلم اویس ولد ناظم گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 9سالہ فیضان اور12سالہ مریم شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ سے جاں بحق و زخمی کمسن طلبہ کا تعلق سرکاری و پرائیویٹ سکولوں سے ہے اور تینوں ہی چک 490 گ ب کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء واقعہ کیخلاف ورثا اور اہل دیہہ نے سڑک بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا ،اطلاع پر ایس پی صدر ، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او تھانہ ماموں کانجن اور سی پی او فیصل آباد بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ،پولیس حکام کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔ علاوہ ازیں ملزموں کی فوری گرفتاری کیلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ایس پی صدر اور ڈی ایس پی تاندلیانوالہ پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔