لاہور (ویب ڈیسک):پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کو ہنگامی مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
یہ مراسلہ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس کی نقول صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو ایمرجنسی پروٹوکولز کو فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اہم ہدایات درج ذیل ہیں:
تمام ہسپتالوں کا عملہ تربیت یافتہ اور سینیٹائزڈ ہونا چاہیے۔
ادویات، آئی وی فلوئڈز، کولنگ ڈیوائسز سمیت تمام ضروری طبی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ہیٹ ویو مینجمنٹ یونٹس اور کولنگ وارڈز سرکاری و نجی ہسپتالوں میں قائم کیے جائیں۔
طبی مراکز میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے ایس او پیز کو نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے۔
پیرامیڈیکل اسٹاف، نرسز اور ایمرجنسی اہلکاروں کے لیے آگاہی سیشنز اور تربیتی سیمینارز منعقد کیے جائیں۔
ہسپتالوں میں پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ممکنہ ہیٹ ویو کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی زندگی کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر بروقت اقدامات کیے جائیں، تاکہ ہیٹ ویو کے مضر اثرات سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں پنجاب کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جس کے باعث ہیٹ اسٹروک اور دیگر موسمی بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نہ نکلیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔