حکومت ٹیکسوں اور لیوی میں فوری کمی کرکے عوام کو ریلیف دے:مخدوم احمد محمود

 حکومت کو اپنے پروٹوکول، عیاشیاں اور غیر ضروری اخراجات کم  کرنے چاہـئیں:خواجہ رضوان عالم‘عبدالقادر شاہین
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سینیئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام پر ملکی تاریخ کے سب سے سنگین معاشی حملوں میں سے ایک قرار دیا ہے اور اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔رہنمائوں نے کہا  پاکستان پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء￿ ، بجلی اور گیس کے بل عوام کی قوتِ خرید سے باہر جا چکے ہیں، اور ایسے میں پٹرول کی قیمت میں اضافہ عام آدمی کے لیے زندگی کو ناقابل برداشت بنا دیتا ہے‘مخدوم احمد محمود نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی کے حالات کو جواز بنا کر عوام کو ریلیف دینے سے انکار ممکن نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی میں کمی کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی منصوبہ بندی میں شدید کمزوری نظر آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں کاشتکار، ٹرانسپورٹر اور چھوٹے کاروباری طبقے مزید مشکلات کا شکار ہوں گے۔ حکومت کو اپنے پروٹوکول، عیاشیاں اور غیر ضروری اخراجات کم کر کے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے چاہئیں۔