غزہ جنگ یرغمالیوںاور اسرائیلی فوجیوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکی، حکومت کو ریاستی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے
تل ابیب(آئی این پی ) اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے تین سابق سربراہان سمیت 250سے زائد سابق افسران اور اہلکاروں نے حکومت سے غزہ جنگ کے خاتمے اور تمام یرغمالیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ بیان سابق مذاکرات کار ڈیوڈ میدان کی جانب سے جاری کیا گیا، جس پر موساد کے سابق سربراہان ڈینی یاتوم، افرایم ہالیوی اور تامیر پاردو کے دستخط موجود ہیں۔موساد افسران نے اسرائیلی فضائیہ کے اہلکاروں کے اس خط کی مکمل حمایت کی ہے جس میں حکومت پر زور دیا گیا تھا کہ وہ جنگ بند کرے اور یرغمالیوں کو بحفاظت واپس لائے۔بیان میں کہا گیا کہ غزہ کی موجودہ جنگ نہ صرف یرغمالیوں بل کہ اسرائیلی فوجیوں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرہ بن چکی ہے، اس لیے حکومت کو ریاستی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔