بچے گھر کے باہرکھیل رہے تھے،کسی نے مٹھائی کھلادی،حالت غیرہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا
تین بچے دم توڑ گئے ،پانچ کو لاہورریفرکردیا گیا،بچوں کی عمریں پانچ سے دس سال کے درمیان ہیں
حافظ آباد(آئی این پی )پنجاب کے شہر حافظ آباد میں مبینہ طور پر زہریلی مٹھائی کھانے سے3مسیحی بچے جا ن سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ حافظ آباد کے علاقے قلعہ صاحب سنگھ میں پیش آیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور ڈی پی او عاطف نذیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مسیحی بچوں نے مبینہ طور پر زہریلی مٹھائی کھائی جس سے ان کی حالت غیر ہوئی ، ہسپتال منتقل کرنے پر تین بچے دم توڑ گئے جب کہ 5متاثرہ بچوں کو بہتر علاج و معالجے کے لیے لاہور ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ قلعہ صاحب سنگھ کے رہائشی مسیحی افراد کے مطابق ان کے8بچے اپنے گھروں کے باہر کھیل رہے تھے جہاں انہیں مبینہ طور پر کسی نے زہریلی مٹھائی کھلا دی جب بچے گھروں کو واپس آئے تو ان کی حالت تشویشناک ہو گئی۔مسیحی افراد نے بتایا کہ متاثرہ بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3بچے دم توڑ گئے، متاثرہ بچوں کی عمریں 5سے 10سال تک ہیں۔