پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ سیریز میں خراب کارکردگی کے بعد اپنی فارم اور ردھم بحال کرنے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔
بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں او جی ڈی سی ایل کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ذرائع کے مطابق بابر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے بعد پی سی بی نے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ یہ انتظام کیا۔بابر اعظم دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ 2023 سے اب تک 39 اننگز میں ان کی اوسط 30.43 رہی ہے جبکہ وہ اس دوران صرف 8 نصف سنچریاں بنا سکے ہیں۔ ان کی آخری ٹیسٹ سنچری نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں 161 رنز کی تھی۔
سابق کرکٹرز کی جانب سے بابر اعظم کی تکنیک، خصوصاً شارٹ بال کے خلاف ان کی مشکلات پر بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔بابر اعظم کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں تقریباً 7 سال بعد واپسی ہوگی۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا، جب انہوں نے سینٹرل پنجاب کو قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔او جی ڈی سی ایل کے لیے بابر اعظم کی شمولیت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ایم آئی ٹی ایس کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔