مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، بین الاقوامی فضائی آپریشن متاثر

41پروازیں منسوخ ، 30تاخیر کاشکار ، مسافر ایئرپورٹ پر پریشان 
لاہور( خصوصی رپورٹ )مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور برطانیہ میں فلائٹ آپریٹنگ سسٹم میں خرابی کے باعث بین الاقوامی فضائی آپریشن متاثر ہوا، جس کے اثرات پاکستان کے ایئرپورٹس پر بھی پڑے۔ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے بیرونِ ملک جانے والی مجموعی طور پر اکتالیس پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ تیس پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دس، اسلام آباد ایئرپورٹ سے نو اور کراچی ایئرپورٹ سے چودہ پروازیں منسوخ ہوئیں۔لاہور کے علاوہ ملتان اور پشاور ایئرپورٹس سے بھی چار، چار پروازیں منسوخ ہوئیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صورتحال نے مسافروں کو خاصی مشکلات سے دوچار کیے رکھا، مدینہ منورہ، جدہ، ریاض، دبئی، شارجہ، قطر، ترکی اور لندن جانے والی پندرہ پروازیں تین سے سات گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں۔پروازوں کے اچانک منسوخ ہونے اور روانگی کے اوقات میں کئی گھنٹوں کی تبدیلی کے باعث مسافر ایئرپورٹس پر اپنی پروازوں کی روانگی کے منتظر رہے۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث فضائی آپریشن پر پڑنے والے اثرات کے ساتھ برطانیہ میں فلائٹ آپریٹنگ سسٹم کی خرابی بھی پروازوں کے شیڈول میں خلل کی بڑی وجہ بنی۔