فیکٹری ایریا میں بیلف کے ہمراہ پہنچنے والوں پر فائرنگ، زخمی ہسپتال منتقل
لاہور(کرائم رپورٹر) فیکٹری ایریا میں دکان خالی کروانے کے معاملے پر فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق طارق، وارث اور بلال عدالتی بیلف کے ہمراہ شیخ اشرف کی دکان پر قبضہ لینے پہنچے تھے، جبکہ عدالتی بیلف نے تھانے کو بھی اطلاع دی تھی۔ دکان پر موجود شیخ اشرف کے بیٹوں احمد یار اور شہریار نے فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر طارق، وارث، بلال اور راہگیر اصغر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے احکامات جاری کردیئے۔