خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبے نے فرنٹ لائن پر لڑ کر باقی ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے محفوظ رکھا ہے۔
انہوں نے وفاقی وزراء کے حالیہ بیانات کو خیبرپختونخوا پولیس کے شہداء کی توہین قرار دیا اور کہا کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کر رہی ہے۔محمد علی سیف نے مزید کہا کہ وفاق الزامات لگانے کے بجائے صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑا ہو اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات مضبوط کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گرد کسی کے رشتہ دار نہیں، اگر یہ آگ خیبرپختونخوا سے پھیل گئی تو پورا ملک متاثر ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء غیر ذمے دارانہ بیانات سے گریز کریں اور اگر واقعی دہشت گردی کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں تو افغانستان کو نظرانداز نہ کریں۔ بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ قبائلی جرگوں کا مؤقف ہے کہ افغانستان سے بات چیت سودمند ثابت ہو سکتی ہے۔