پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ ارض (ارتھ ڈے) کی تقریب، ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ ارض (ارتھ ڈے) کی تقریب، ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت پر زور

ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ ارض (Earth Day) منایا جا رہا ہے۔

 اس دن کو منانے کا مقصد زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات سے آگاہی پھیلانا اور اس کی حفاظت کے لیے اجتماعی شعور بیدار کرنا ہے۔ارتھ ڈے کو پہلی بار 1970ء میں باضابطہ طور پر منایا گیا، اور آج یہ دن دنیا کے 193 سے زائد ممالک میں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔ اس دن کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کیونکہ موجودہ دور میں ماحولیاتی آلودگی، جنگلات کی کٹائی، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات جیسے چیلنجز نے زمین کے قدرتی نظام کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق انسان نے اپنی ضروری اور غیر ضروری سرگرمیوں سے زمین کے قدرتی توازن کو بگاڑ کر اسے ایسے خطرات سے دوچار کر دیا ہے جن کے نتائج ہمیں زلزلوں، سیلابوں، سمندری طوفانوں، خشک سالی اور قحط کی صورت میں بھگتنا پڑ رہے ہیں۔یومِ ارض کا پیغام صرف آج کے دن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے ایک مسلسل جدوجہد کا آغاز سمجھنا چاہیے۔ اس دن کی مناسبت سے شہریوں پر لازم ہے کہ وہ:

درخت لگانے اور ان کی نگہداشت کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں
پلاسٹک کے تھیلوں اور دیگر مضرِ ماحول مصنوعات کا استعمال ترک کریں
ماحول کو صاف، سرسبز اور آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے شعور اجاگر کریں
اسکولوں، کالجوں، اداروں اور میڈیا میں ماحولیاتی تحفظ کی مہمات کو فروغ دیں
یاد رکھیں، زمین ہماری واحد رہائش گاہ ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کا اجتماعی فریضہ ہے۔ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ اگر ہم نے ابھی اقدام نہ کیے، تو آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور پائیدار مستقبل کا خواب، صرف ایک خواب ہی رہ جائے گا۔