لاہور میںرواں ماہ جوئے میں ملوث 122 ملزمان کو گرفتار ، 26 مقدمات درج ،83 لاکھ روپے سے زائد رقم بھی برآمد کر لی گئی:پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے شہر میں جوئے کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیز کر دیں۔ رواں ماہ اب تک جوئے میں ملوث 122 ملزمان کو گرفتار کرکے 26 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ رواں سال کے دوران جوئے کے خلاف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 2069 ملزمان کو گرفتار اور شہر کے مختلف تھانوں میں 545 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے داؤ پر لگی 83 لاکھ روپے سے زائد رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کی جانب سے جوئے کے اڈوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جوئے کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آن لائن جوئے کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور مدد لی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جوئے سمیت تمام سماجی جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ شہر میں جرائم کی روک تھام اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔