بارش کے بعد شہر کا بجلی کا نظام متاثر، 600 سے زائد فیڈرز بند

بارش کے بعد شہر کا بجلی کا نظام متاثر، 600 سے زائد فیڈرز بند

لاہور میں بارش کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا بجلی کی ترسیل کا نظام شدید متاثر ہو گیا، جس کے نتیجے میں 600 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

 بجلی بند ہونے کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بارش کے باعث فیڈرز اور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں تکنیکی خرابیاں پیدا ہوئیں، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ بجلی کی بندش نے شہریوں کی روزمرہ سرگرمیوں کو بھی متاثر کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرز کی بندش کے باعث لیسکو کے نظام میں بجلی کی کھپت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بجلی کی طلب میں 1200 میگاواٹ کی کمی کے بعد لیسکو کی مجموعی ڈیمانڈ 2600 میگاواٹ کے مقابلے میں سسٹم اس وقت 1400 میگاواٹ پر آپریشنل ہے۔

لیسکو حکام کی جانب سے متاثرہ فیڈرز پر بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے لیے تکنیکی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ خرابیوں کو دور کرکے متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بجلی بحال کی جائے۔شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں اور دیگر برقی تنصیبات سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔