دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے بجائے پولیس کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے
اسلام آباد(آئی این پی ) سابق سپیکرقومی اسمبلی و رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گورنر راج کا مقصد اگر دہشتگردی کا خاتمہ تھا تو پھر سیاسی مخالفین کے گھروں پر چھاپے کیوں مار رہے ہیں؟ پولیس کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرکے حکومت کیا حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ایکس پر اپنے ٹویٹ میں اسد قیصر نے کہا کہ حکومت نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کا جواز پیش کرتے ہوئے گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی، لیکن افسوس کہ دہشت گردی کے خلاف موثر کارروائی کے بجائے صوبے کی پولیس کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔آج میرے گھر پر پولیس کی بھاری نفری کا چھاپہ اس طرزِ عمل کی ایک واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کہاں ہے؟ عوام کے جان و مال کا تحفظ کہاں ہے؟ آخر خیبر پختونخوا پولیس کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرکے حکومت کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟صوبے میں امن و امان کی بحالی کے بجائے سیاسی کارکنوں اور مخالفین کو نشانہ بنانا حالات کو مزید خراب کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ہم ایسے ہتھکنڈوں سے نہ خوفزدہ ہوں گے اور نہ ہی اپنے آئینی، جمہوری اور سیاسی موقف سے پیچھے ہٹیں گے