جو کرنا ہے کرلو، مطالبات منظور ہونے تک پیچھے نہیں ہٹیں گے: عمران خان

سوشل میڈیا رضاکار دنیا بھر میں ہم پر ہونے والے ظلم اور مطالبات کو دنیا کے سامنے آشکار کرتے رہیں
مجھے ملٹری کورٹس کا کوئی خوف نہیں اور اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹوں گا:آفیشل ایکس اکائونٹ سے بیان

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد اور ڈی چوک پہنچنے والے کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے مطالبات منظور ہونے تک ڈٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔ بانی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے عمران خان سے منسوب بیان میں لکھا گیا ہے پاکستانی قوم اور پی ٹی آئی کارکنوں کو سلام جو اپنے حقوق کے لئے کھڑے ہوئے اور پْرامن احتجاج کررہے ہیں اور ملک میں مسلط مافیا کے سامنے اپنے مطالبات ، حقیقی آزادی کے لئے کھڑے ہیں۔میرا اپنی ٹیم کو بھی یہی پیغام ہے  آخری بال تک لڑیں اور جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوجاتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے‘انہوںنے الزام عائد کیا محسن نقوی کی ہدایت پر پولیس اور رینجرز نے ہمارے کارکنوں پر فائرنگ و شیلنگ کی جس سے وہ زخمی ہوئے ہیں، انہیں اس کا حساب دینا ہوگا‘انہوں نے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا  انہوں نے موبائلزیشن اور فنڈز بھیجے، اس کے ساتھ اپنے اپنے ممالک میں مظاہرے بھی کیے۔انہوں نے ہدایت کی  سوشل میڈیا رضاکار بھی دنیا بھر میں ہمارے خلاف ہونے والے ظلم اور مطالبات کو دنیا کے سامنے آشکار کرتے رہیں۔  مجھے ملٹری کورٹس کا کوئی خوف نہیں اور اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، جو کرنا ہے کرلو۔