وزیر اعلی پنجاب نے لائیو سٹاک کارڈ فیز 2 کا افتتاح کر دیا

 لائیوسٹاک کارڈ کی بدولت خواتین فارمرز کی تعداد90 سے بڑھ کر 1107 تک پہنچ گئی
لائیوسٹاک فارمرز بلاسود قرضے  کا 25 فیصد اے ٹی ایم پر کیش کی صورت میں بھی حاصل کر سکیں گے:بریفنگ
 لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت نے لائیوسٹاک کارڈفیزI کی کامیابی کے بعد لائیوسٹاک کارڈفیز II کابھی آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کارڈ سوائپ کرکے لائیو سٹاک کارڈ فیز II کا ڈیجیٹل افتتاح کیا۔ خصوصی تقریب میں لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ سے متعلق خصوصی ڈاکومینٹری پیش کی گئی۔ لائیوسٹاک کارڈ فیز I کی ریکوری کا تناسب96 فیصد ہونے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اظہار مسرت کیا۔ وزیر لائیو سٹاک عاشق حسین کرمانی،سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے لائیو سٹاک کارڈسکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے فارمرز کوہر مویشی کیلئے 27 ہزار روپے ملیں گئے۔لائیوسٹاک کارڈکے ذریعے ونڈا، سائیلیج اور منرل مکسچر وغیرہ بلاسود قرض پر حاصل کیا جاسکے گا۔لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو کے ذریعے دو سال میں 6 لاکھ مویشیوں کی متوازن غذا سے گوشت کی پیداوار میں بڑھوتری کا ہدف حاصل کیا جائیگا۔لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے ذریعے فارمرز کو 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے ملیں گے۔ بریفنگ میںمزیدبتایا گیا کہ لائیوسٹاک فارمرزاصل زر ادا کرے گا، سود حکومت پنجاب دے گی۔ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے مویشیوں کی بلامعاوضہ ٹیگنگ اوراینٹی ایف ایم ڈی ویکسی نیشن بھی کی جاسکے گی۔لائیوسٹاک فارمرز بلاسود لون کا 25 فیصد اے ٹی ایم پر کیش کی صورت میں بھی حاصل کر سکیں گے۔لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی کو انسداد منہ کُھرویکسی نیشن بھی مفت کی جائے گی۔بریفنگ میں کہا گیا کہ لائیوسٹاک کنکٹ پورٹل کے ذریعے 23ہزار فارمرز کو میٹ ایکسپورٹر کیساتھ براہ راست جوڑ دیا گیا۔حکومت پنجاب نے میٹ ایکسپورٹ کیلئے 8 بڑے ایکسپورٹرز کے ساتھ ایم او یو پر دستخط ہوگئے۔ پامکو کے ذریعے چائنا، سعودی عرب، خلیجی ممالک، آذربائیجان، ازبکستان اور یورپی منڈی کیساتھ میٹ ایکسپورٹ کیلئے ایم او یو پر سائن کیے گئے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ لائیوسٹاک کارڈ کی بدولت خواتین فارمرز کی تعداد90 سے بڑھ کر 1107 تک پہنچ گئی۔