کوئٹہ (خصوصی رپورٹ)پاکستان نے چمن میں افغانستان کے ساتھ سرحد کچھ وقت کے لئے کھول کر200افغان مہاجرخاندانوں کو واپس بھیجا، چمن کے حکام کے مطابق بڑی تعداد میں افغان مہاجرین، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، اپنے وطن واپس جانے کیلئے چمن پہنچے تھے۔ڈپٹی کمشنر چمن حبیب اللہ بنگلزئی نے بتایا کہ ہم نے صرف افغان مہاجرین کے اپنے ملک واپس جانے کیلئے باب دوستی کو سہ پہر تقریباً 3 بجے کھولا، مہاجر خاندانوں کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ ان کے وطن واپس بھیجا گیا، سرحد ڈھائی گھنٹے تک کھلی رہی۔حبیب اللہ بنگلزئی نے بتایا کہ سرحد تازہ پھل، سبزیوں، درآمد و برآمدی سامان اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ٹرکوں ودیگرآمدورفت کیلئے بند رہے گی۔چمن، قلعہ عبداللہ، بوبندی، بادینی، ڑوب اور بارامچہ (ضلع چاغی) کی صورتحال پرسکون رہی اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ بلوچستان کے تمام علاقوں میں پاکستانی سکیورٹی فورسز چوکس ہیں۔ علاوہ ازیں سرحدی کشیدگی کے باعث قلعہ سیف اللہ اور چاغی سے پاک افغان سرحد دو روز سے بند ہے محکمہ داخلہ کے حکام کے مطابق قلعہ سیف اللہ میں بادینی بارڈر اور چاغی میں براہمچہ کے مقام پر پاک افغان سرحد بند ہے۔سرحد بند ہونے سے افغان مہاجرین کی وطن واپسی عارضی طور پر معطل ہے۔