عوامی فنڈز سے منافع بخش سرمایہ کاری کا فیصلہ

لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے غیر استعمال شدہ عوامی فنڈز کو منافع بخش سرمایہ کاری میں استعمال کرنے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ حکومت نے 500 ارب روپے کی خطیر رقم کیش مینجمنٹ فنڈ میں بطور سرمایہ کاری مختص کر دی ہے۔محکمہ خزانہ کے حکام کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی ششماہی کے دوران اس سرمایہ کاری سے 12 ارب روپے تک منافع حاصل ہونے کی توقع ہے، جبکہ پورے سال میں 30 ارب روپے کا منافع حاصل ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ مالی سال میں بھی پنجاب حکومت نے 400 ارب روپے صوبائی خزانے سے سرمایہ کاری کی صورت میں استعمال کیے تھے، جس سے 13 ارب روپے کا منافع حاصل ہوا۔حکام کے مطابق اب سرکاری محکموں کی بچی ہوئی غیر استعمال شدہ رقم کو صوبائی آمدنی بڑھانے کے لیے منظم طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے، جو کیش فلو کو بہتر بنانے اور مالی نظم و ضبط قائم رکھنے کا مو?ثر ذریعہ بن رہا ہے۔محکمہ خزانہ نے واضح کیا کہ کیش مینجمنٹ فنڈ پنجاب حکومت کے مالی وڑن کا اہم ستون ہے، جس کا مقصد صرف منافع حاصل کرنا نہیں بلکہ بجٹ خسارہ کم کرنا اور مالی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔