انسداد سموگ کیلئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو جرمانے

 سموگ فری بنانے کیلئے ٹریفک افسر متحرک ہوکر کام کریں،ڈی آئی جی 
لاہور (کرائم رپورٹر) صوبہ بھر میں سموگ کے تدارک کے لیے ٹریفک پولیس کی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر چالان کیے جا رہے ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے تمام اضلاع میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 13 روز میں ایسی گاڑیوں پر 3 کروڑ 92 لاکھ 88 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ رواں ماہ کے دوران مجموعی طور پر 11 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 19 ہزار 600 سے زائد گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، 82 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ اور 27 سے زائد گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کر دیے گئے۔ اسی طرح 22 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جب کہ 3 ہزار 200 سے زائد گاڑیاں دھواں چھوڑنے پر بند کر دی گئیں۔مزید بتایا گیا کہ 1700 سے زائد ریت اور مٹی سے لدی آن کورڈ گاڑیوں پر بھی آلودگی پھیلانے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر 2 ہزار روپے فی گاڑی جرمانہ کیا جا رہا ہے اور قانون پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ناقص انجن آئل اور غیر معیاری فیول کے استعمال سے گریز کریں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایت دی کہ پنجاب کو سموگ فری بنانے کے لیے تمام ٹریفک افسران متحرک ہوکر کام کریں اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔