ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کیلئے 15 اکتوبر سے شٹ ڈا ئون شیڈول جاری، صبح 7 سے 2 بجے تک
درختوں کی کٹائی، ٹرانسفارمرز اپ گریڈیشن اور کمزور کیبلز کی تبدیلی کیلئے شٹ ڈا ئون منظور کیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کے تحت مختلف علاقوں میں کئی گھنٹے بجلی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔لیسکو کی جانب سے 15 اکتوبر سے بجلی کے ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کیلئے شٹ ڈا ئون شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ منصوبے کے مطابق شہر کے مختلف گرڈ اسٹیشنز اور 11 کے وی فیڈرز پر صبح 7 بجے سے دوپہر 2 بجے تک 6 سے 8 گھنٹے بجلی بند کی جائے گی۔ترجمان لیسکو کے مطابق شٹ ڈا ئون کے دوران درختوں کی کٹائی، ٹرانسفارمرز کی اپ گریڈیشن، بجلی کی کمزور کیبلز کی تبدیلی اور جمپرز کو مضبوط بنانے کے کام کیے جائیں گے تاکہ بجلی کے نظام میں بہتری لائی جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم اپ گریڈیشن کے یہ اقدامات آئندہ موسمِ گرما میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔