شعبہ ٹا ئون پلاننگ مکمل پیپر لیس،تمام مینوئل نوٹسز کا اجرا فوری بند کیا جائے گا
لاہور (خصوصی رپورٹ) ایل ڈی اے کے جعلی نوٹسز کے خاتمے کیلئے ہر نوٹس پر کیو آر کوڈ لازمی قرار دے دیا گیا،بغیر کوڈ والے نوٹسز کو جعلی سمجھا جائے گا۔ فیصلے کا مقصد شہریوں کو ہراساں کرنے اور جعلی نوٹسز کے ذریعے پیسے بٹورنے والے عناصر کا راستہ روکنا ہے۔ تفصیل کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بوگس نوٹسز اور رشوت خوری کے خلاف قدم اٹھا لیا، اب شہریوں کیلئے صرف وہی نوٹسز معتبر تصور ہوں گے جن پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا۔ایل ڈی اے کی جانب سے جاری تمام نوٹسز پر اب کیو آر کوڈ لگانا لازمی قرار دے دیا گیا جبکہ بغیر کوڈ والے نوٹسز کو جعلی سمجھا جائے گا۔ اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ شعبہ ٹا ئون پلاننگ کو مکمل طور پر پیپر لیس بنا دیا جائے گا اور تمام مینوئل نوٹسز کا اجرا فوری بند کیا جائے گا۔ غیر قانونی پنلٹی، غیر قانونی تعمیرات اور دیگر معاملات میں جاری نوٹسز کا بھی باقاعدہ ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ ادارے کی جانب سے شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے آن لائن سروسز میں بھی وسعت دی جا رہی ہے۔ لینڈ یوز تبدیلی ، سب ڈویڑن اور کمپلیشن سرٹیفکیٹ کیلئے بھی ایپلی کیشنز آن لائن دستیاب ہوں گی۔ یہ تمام فیصلے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کئے گئے جس میں شعبہ ٹا ئون پلاننگ، میٹروپولیٹن پلاننگ اور آئی ٹی ونگ کے افسروں نے شرکت کی۔