لاہور( کرائم رپورٹر)سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیرِ صدارت اسلحہ لائسنس کی ویری فکیشن باریاہم اجلاس ہوا۔ سیکرٹری داخلہ نے نادرا حکام کو ایک ہفتے میں تمام اسلحہ لائسنسز کی آن لائن ویری فکیشن کیلئے کیو آر کوڈ جاری کرنے اورمتعلقہ شخص کے شناختی کارڈ سے منسلک کرنے کی ہدایت کردی۔ سیکرٹری داخلہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی اسلحہ لائسنس سے متعلقہ تمام آرڈرز پر کیو آر کوڈ دینے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری داخلہ نیاجلاس میں بتایا کہ کیو آر کوڈ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر اسلحہ لائسنس کی تصدیق کر سکیں گے۔ تصدیقی عمل میں شفافیت سے جعلی لائسنسز کی بیخ کنی ہوگی۔ سنگین جرائم میں ملوث افراد اسلحہ لائسنس کیلئے نااہل ہیں، تمام اسلحہ لائسنسز کی سکروٹنی کی جائے کہ سنگین جرائم میں ملوث کوئی شخص اسلحہ لائسنس نہ لے سکے۔ انہوں نے کہا انفرادی وبزنس آرمز لائسنس رولز کو عام فہم بنا رہے ہیں اور اسلحہ لائسنس کی ویری فکیشن کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کا کردار بڑھا رہے ہیں۔ اسلحہ لائسنس کے حصول اور تجدید کیلئے فیسوں کا شیڈول تبدیل کرنے کی سفارش کی ہے۔ مینوئل لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کے تمام مراحل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ (جوڈیشل)عمران حسین رانجھا اور نادرا حکام نے شرکت کی۔