ویب ڈیسک: بھارتی کھلاڑیوں کے پاکستانی ٹیم سے ہینڈ شیک نہ کرنے کے معاملے پر دنیا بھر میں جاری بحث کے بیچ، آسٹریلوی کرکٹرز نے اس رویے کا مذاق اڑایا ہے۔
ایشیا کپ 2025 کے دوران، بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے مصافحہ کرنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد باقی بھارتی کھلاڑیوں نے بھی یہی رویہ اپنایا۔ یہ فیصلہ، پہلگام حملوں کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی سیاسی کشیدگی کے سبب لیا گیا تھا۔اس واقعہ کو ہنسی مذاق میں بدلنے کے لیے، آسٹریلیا کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے ایک ویڈیو بنائی، جو کایو اسپورٹس کے پلیٹ فارم پر جاری کی گئی۔ ویڈیو میں ایک اینکر نے کہا، ’ہم سب جانتے ہیں کہ بھارت ایک زبردست ٹیم ہے، مگر ہم نے ان کی ایک کمزوری ڈھونڈ لی ہے!‘ دوسرے اینکر نے ہنستے ہوئے کہا، ’انہیں روایتی مصافحہ زیادہ پسند نہیں، تو کیوں نہ ہم کھیل شروع ہونے سے پہلے ہی انہیں الجھا دیں!‘آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مختلف دلچسپ اور غیر روایتی انداز میں مصافحہ کے انداز دکھائے، جیسے ایئر ہائی فائیو، ہیڈ باؤ، اور سلامی کے انداز میں اشارے۔ بھارتی شائقین نے اس ویڈیو کو غیر حساس قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے کرکٹ کے مزاحیہ پہلو کے طور پر سراہا۔
دوسری جانب، ایشیا کپ میں ہاتھ نہ ملانے کے معاملے کو سیاسی وجوہات سے منسوب کیا جا رہا ہے، اور اس پر دنیا بھر میں بحث جاری ہے۔ اس کے علاوہ، آسٹریلیا کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی فٹنس بھی ایک بڑا سوال بن چکی ہے۔ تازہ اسکین رپورٹس کے مطابق، ان کی کمر کی انجری مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہوئی، جس کے باعث وہ 21 نومبر سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شامل ہونے کے امکانات کم ہیں۔ کمنز نے خود اعتراف کیا، ‘میں کوئی حتمی رائے نہیں دینا چاہتا، لیکن لگتا ہے کہ واپسی کے امکانات کم ہیں۔ ابھی کچھ وقت باقی ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔’