علی امین گنڈاپور نے استعفی دے دیا تھا،چاہے گورنر منظور کریں یا نہ کریں‘ قانون کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینا ضروری ہے:پشاور ہائی کورٹ

گورنر کو آج وزیراعلی سے حلف لینے کاحکم  آئینی فرض ادا کروں گا: فیصل کریم کنڈی
 آج شام 4بجے تک گورنرخیبرپختونخوا  نے نئے وزیراعلی سے حلف نہ لیا تو پھر سپیکر حلف لے:عدالت ‘ قانون کی فتح ہوئی ، چیف جسٹس نے میرٹ پر فیصلہ دیا، اس طرح فیصلے ہوں گے تو ہم عدالتوں کے ساتھ ہیں:اسدقصیر
عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق جو حق تھا وہ دیدیا، ہم نے سیاسی اور قانونی جنگ لڑی، ہمیں 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد بھی عدالت پر اعتماد ہے:جنید اکبر‘میں نے ہمیشہ کہا قانون و آئین پر عملدرآمد کریں گے:گورنر خیبر
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا کے نئے وزیرِاعلیٰ کی حلف برداری میں تاخیر سے متعلق پاکستان تحریکِ انصاف کی آرٹیکل 255 کے تحت دائر آئینی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے آج 4 بجے تک حلف لینے کا حکم دے دیا۔عدالت نے حکم دیا  4 بجے تک اگر گورنر حلف نہ لے تو پھر سپیکر حلف لے لے۔فیصلے کے مطابق علی امین گنڈاپور نے استعفی دے دیا تھا، قانون کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیا جانا ہے، قانون کے مطابق نئے وزیر اعلیٰ سے حلف لینا ضروری ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ قانون کے مطابق بغیر تاخیر سے نو منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لینا چاہئے، گورنر خیبرپختونخوا اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے حلف لے۔فیصلے کے مطابق حلف لینے کا عمل بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جائے، 15 اکتوبر تک حلف لے لیا جائے۔فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جنید اکبر نے کہا  عدالت نے آئین اور قانون کے مطابق جو حق تھا وہ دے دیا، ہم نے سیاسی اور قانونی جنگ لڑی، ہمیں 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد بھی عدالت پر اعتماد ہے، اگر کل شام 4 بجے تک حلف نہیں لیا تو اسپیکر صوبائی اسمبلی حلف لیں گے، تمام سیاسی جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے جمہوری عمل میں ساتھ دیا، اب بھی سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ کسی کی باتوں میں نہ آئیں، اپوزیشن نے اس لیے بائیکاٹ کیا کہ وہ ایک امیدوار پر متفق نہیں ہو رہے تھے۔اسد قیصر نے کہا کہ آج قانون کی فتح ہوئی ہے، چیف جسٹس نے میرٹ پر فیصلہ دیا، اس طرح فیصلے ہوں گے تو ہم عدالتوں کے ساتھ ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد اس طرح کا فیصلہ جرات مندانہ فیصلہ ہے۔دریں اثناء گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا  ہے  میں نے کبھی بھی حلف لینے سے منع نہیں کیا، میرا جو آئینی فرض ہے، وہ ادا کروں گا۔ میں نے ہمیشہ کہا قانون و آئین پر عملدرآمد کریں گے، میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہو چکا ہے۔گورنر کے پاس طیارہ نہیں ہوتا، وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا طیارہ فراہم کریں۔