کراچی کسٹمز کا چھاپہ ، 2کروڑ کاچائنہ نمک سمگل کرنیکی کو شش ناکام

 بیس ہزار کلو چائنہ نمک کو سٹریک ایسڈ ظاہر کرکے گودام میں چھپایاگیاتھا 
 ضبط شدہ سامان سرکاری گودام منتقل ، نمونے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھیج دئیے گئے 
 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے بیس ہزار کلو چائنہ نمک سمگل کرنیکی کوشش ناکام بنا دی۔چائنہ نمک کو سٹریک ایسڈ ظاہر کیا گیا تھا۔ یہ مال ولیکا چورنگی کے ایک گودام میں چھپایا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران دو کروڑ پانچ لاکھ روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا گیا۔ خفیہ اطلاع پر اینٹی سمگلنگ آرگنائزیشن نے میسرز یونائیٹڈ ٹریڈرز کے شیڈ نمبر 9 پر چھاپہ مارا ، موقع پر موجود نگران نے گڈز ڈیکلریشن نمبر GWRI-HC-1444-10-11-2025 پیش کیا جس میں پوری کھیپ کو ایران سے درآمد شدہ سٹریک ایسڈ ظاہر کیا گیا تھا۔ تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران پچیس کلو والے 800 بیگ چائنہ نمک اور 100 بیگ اصل سٹریک ایسڈ برآمد ہوا اور گڈز ڈیکلریشن غلط ثابت ہوا۔ضبط شدہ سامان سرکاری گودام منتقل کرکے نمونے تجزیہ کے لیے لیبارٹری بھیج دئیے گئے ہیں اور کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔