گھروں میں اسلام نافذ ، دلوں کو تلاوت سے روشن کریں:علما

اگر ہر مسلمان کا عقیدہ درست ہوجائے تو اللہ کی رحمتوں کا نزول شروع ہو جائے گا
 رائیونڈ تبلیغی اجتما ع کے دوسرے روز مولانا عبداللہ مولانا اسماعیل و دیگر کا خطاب
رائیونڈ ،لاہور (کرائم رپورٹر)رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتما ع کے دوسرے روز مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبداللہ خورشید ،مولانا ضیاء الحق آف مردان ،مولانا محمد اسماعیل گودھرا ،مولانا قاری زبیر احمد ،مولانا احمد لاڈ ودیگر نے کہا کہ اپنے دلوں میں رب کا خوف اور مخلوق کی خدمت کا جذبہ پیدا کریں تو کامیابی قدم چومے گے، دنیا آخرت کی کھیتی ہے یہاں جو کچھ بوئیں گے وہی آگے جاکر کاٹیں گے ، اپنی اولاد ،مال کو دین کیلئے وقف کریں ،اپنے گھروں میں اسلام نافذ کریں ،اپنے دلوں کو قرآن حکیم کی تلاوت سے روشن کریں ،دنیا کی تکلیفوں اور مصیبتوں سے نجات مل جائے گی۔علمائے کرام نے مزید کہا کہ مساجد کو آباد کریں ،اچھے اخلاق والا روز محشر نبی کریم ؐ کیساتھ ہوگا ،اپنے اخلاق ،معاملات اور اعمال کی بہتری کیلئے دینی ماحول کو اپنائیں ،مساجد میں وقت دیں ،نماز کی پابندی کو معمول بنالیں ،اپنے ناراض رب کو منانے کیلئے رات کی تنہائیوں میں اٹھیں ،تہجد کا اہتمام کریں ،دنیا وآخرت کی کامیابیاں مقدر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں جو افراتفری پھیلی ہوئی ہے اسکا سبب صرف اور صرف دین محمدی سے دوری ہے ،انسان حرام ،حلال کی تمیز کئے بغیر مال بنا رہا ہے قرآن حکیم میں اللہ رب العزت نے زمانے کی قسم اٹھا کر کہا ہے کہ انسان گھاٹے میں ہے صرف وہی انسان فلاح و نجات کا حقدار ہوگا جو اللہ کی خوشنودی اور آقائے کائنات کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو گا ،دنیا کی کامیابی کو مال میں سمجھنے والے بے وقوف ہیں، اصل کامیابی اعمال میں ہے۔دین کے کام کرنے والے اللہ کے پسندیدہ بندے ہوتے ہیں، رات کی تاریکیوں میں اٹھ کر رب کو منانا اور دن کی روشنی میں اسکی مخلوق کی خدمت کرنے سے کامیابی کے راستے کھلیں گے،وقت کو قیمتی بنانے کیلئے نیک صالح اعمال کرنا ہونگے۔ علمائے کرام نے مزید کہا کہ نیکی کی دعوت دینا اور برائی سے روکنا یہی امر بالمعروف ونہی عن المنکر ہے، معاشرے کی اصلاح کیلئے سب سے پہلے اپنی اصلاح ضروری ہے ،حقیقی خالق کو منا لیں ،احوال کی درستگی خود بخود ہو جائیگی ،اخلاق ،معاملات ،معاشرت سب کو اسلامی بنانے کی ضرورت ہے ،اغیار کی نقالی کو چھوڑ کر آقائے کائناتؐ کی اطاعت کو اپنا لینے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابیاں ہیں ،آج اگر ہر مسلمان کا عقیدہ درست ہوجائے تو اللہ کی رحمتوں کا نزول شروع ہو جائیگا ،دکھ تکلیف ،ہرحاجت کیلئے اپنے رب کو پکاریں اسی سے مدد مانگیں وہ سنتا ہے اوروہی مشکل کشا ،حاجت روا ہے اسکے علاوہ کوئی دینے والا نہیں ۔