پاکستانی اداکار جنید خان نے حال ہی میں ایک انسٹاگرام ویڈیو میں اپنی دل کی باتیں شیئر کی ہیں، جس میں انہوں نے مردوں کو اپنے احساسات کے اظہار کی اجازت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ویڈیو میں جنید خان نے بتایا کہ جب وہ گھر پر اپنے کنسرٹ کی ویڈیو دیکھ رہے تھے، تب انہیں اندازہ ہوا کہ وہ عرصے سے اپنے جذبات کو دبا کر رکھے ہوئے تھے۔ اس احساس کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ اپنے آپ کو آزاد چھوڑیں گے اور اپنے احساسات کا اظہار کریں گے کیونکہ جذبات کا اظہار کمزوری نہیں بلکہ انسان ہونے کی علامت ہے۔جنید خان نے معاشرے میں موجود وہ روایتی نظریہ جس کے تحت مردوں کو سکھایا جاتا ہے کہ وہ اپنے احساسات کو چھپائیں تاکہ کمزوری نہ سمجھے جائیں، اس پر تنقید کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بعض اوقات اپنے دل کی بات کہنا بہت ضروری ہوتا ہے، کیونکہ جذبات کا اظہار اندرونی طاقت کی علامت ہے جو انسان کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں تمام مردوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے جذبات سے مت گھبرائیں، انہیں قبول کریں اور ان کا اظہار کریں، چاہے وہ تنہا ہوں یا اپنے قریبی لوگوں کے سامنے۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں جنید خان نے لکھا کہ خود کو سامنے آنے دیں، کیونکہ یہی آزادی کا احساس دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں، تو انہیں بہت سکون اور آزادی کا احساس ہوتا ہے۔ اس پیغام کے ذریعے انہوں نے معاشرتی روایات کو تبدیل کرنے اور مردوں کو اپنے احساسات کے اظہار کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کی ہے، تاکہ مرد بھی اپنی انسانیت کو صحیح طریقے سے جئیں اور اپنی اندرونی طاقت کو پہچان سکیں۔