یقین اور جذبات کا رشتہ دوسری بار ٹوٹے تو تیسری محبت کا حوصلہ نہیں رہتا: زارا ترین

یقین اور جذبات کا رشتہ دوسری بار ٹوٹے تو تیسری محبت کا حوصلہ نہیں رہتا: زارا ترین

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اور معروف اداکارہ زارا ترین نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے محبت، یک طرفہ تعلقات، اور دل ٹوٹنے جیسے حساس موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

انٹرویو کے دوران جب ان سے یک طرفہ محبت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے حیران کن انداز میں کہا کہ "میرے خیال میں ہر محبت ایک وقت کے بعد یک طرفہ ہوجاتی ہے۔ کیونکہ ہر شخص کو لگتا ہے کہ وہ دوسرے سے زیادہ محبت کرتا ہے۔"زارا ترین کا کہنا تھا کہ انسان اپنی زندگی میں صرف پہلی یا دوسری مرتبہ ہی شدت سے محبت کرتا ہے، اس کے بعد وہ جذبات کی اسی شدت کے ساتھ محبت نہیں کرپاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب دوسری محبت میں بھی دل ٹوٹتا ہے تو انسان میں تیسری بار محبت کرنے کی ہمت نہیں رہتی۔اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کی زندگی میں بھی دو مرتبہ یک طرفہ محبت ہوئی، اور دونوں بار کا تجربہ نہایت تکلیف دہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ "پہلی بار دل ٹوٹے تو انسان مایوس ہو جاتا ہے اور محبت پر یقین اٹھ جاتا ہے، لیکن اگر دوسری بار بھی دل ٹوٹے تو پھر غصہ آتا ہے، اور یہ غصہ خود پر ہوتا ہے کہ ہم نے دوبارہ کسی کو موقع کیوں دیا۔"

زارا ترین نے دل شکستگی کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل اور کٹھن تجربہ قرار دیا۔یاد رہے کہ زارا ترین نے 2021ء میں پاکستانی نژاد امریکی ہالی ووڈ اداکار فاران طاہر سے شادی کی تھی۔ یہ شادی اگرچہ خبروں اور مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی، لیکن یہ بندھن زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا اور ڈیڑھ سال بعد 2023ء میں ان کی علیحدگی ہوگئی۔زارا ترین کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اور مداح ان کی ایمانداری اور جذباتی سچائی کی تعریف کر رہے ہیں۔