مقبوضہ کشمیر کے سری نگر میں پولیس اسٹیشن کے کمپاؤنڈ میں ہوئے دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے ہیں۔
دھماکے کے بعد پولیس اسٹیشن میں آگ لگ گئی، جس سے کئی گاڑیاں جل گئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ دھماکہ ضبط شدہ امونیم نائٹریٹ کے پھٹنے سے ہوا ہے۔دھماکے کے سبب پولیس اسٹیشن کے اندر بڑی تباہی ہوئی ہے، کئی گاڑیاں مکمل طور پر آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔ عمارت کے کچھ حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور فرانزک ماہرین شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند روز قبل بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی ایک دھماکا ہوا تھا، جس میں 12 افراد ہلاک اور کم از کم 20 زخمی ہوئے تھے۔ وہ دھماکا لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب ایک گاڑی میں ہوا تھا، جس کے بعد بھارت میں دہشتگردی کی کارروائی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔