یوکرین کے اووروچ ریلوے اسٹیشن پر خود کش حملہ، 3 ہلاک، 12 زخمی

یوکرین کے اووروچ ریلوے اسٹیشن پر خود کش حملہ، 3 ہلاک، 12 زخمی

یوکرین کے شمالی شہر اووروچ کے ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

بارڈر گارڈ سروس کے مطابق حملہ آور نے تلاشی کے دوران دستی بم یا بارودی مواد سے دھماکا کیا، جسے اس نے جسم سے باندھ رکھا تھا۔ اس حملے میں حملہ آور خود بھی شدید زخمی ہوا اور ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ 23 سالہ حملہ آور خارکیف کا رہائشی تھا۔حملہ آور کو حال ہی میں بیلاروس کی سرحد عبور کرنے کی کوشش میں حراست میں لیا گیا تھا، تاکہ فوج میں لازمی بھرتی سے بچ سکے۔ حملے کے نتیجے میں 3 خواتین ہلاک اور 12 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 7 کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ تاحال حملے کے محرکات سامنے نہیں آسکے ہیں، اور انکوائری کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال دھماکے کا روس-یوکرین جنگ سے براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہوا، اور حملہ آور کے محرکات اور ارادوں کے بارے میں تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ یوکرین میں روسی حملوں کے بعد سے ملک میں مارشل لا نافذ ہے، جو فروری 2022 سے جاری ہے۔ قانون کے مطابق 22 سے 60 سال کے مردوں کو ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں، اور انہیں فوجی خدمات کے لیے بھی بھرتی کیا جا سکتا ہے۔ غیر سرکاری اندازوں کے مطابق، اب تک چار لاکھ سے زائد یوکرینی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔