لاہور میں اربوں روپے کے لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج کے باوجود متعدد ترقیاتی منصوبے تاحال مکمل نہ ہو سکے، جبکہ حالیہ بارشوں نے شہر کے نکاسی آب کے نظام کی خامیاں بھی واضح کر دیں۔
ذرائع کے مطابق معمولی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور واسا کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے۔واسا لاہور کو پری مون سون سیزن میں ڈرینوں اور سیوریج سسٹم کی صفائی بہتر نہ بنانے پر حکومتی سطح پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دو بارشوں کے دوران متعدد علاقوں میں نکاسی آب کا مؤثر انتظام نہ ہونے سے واسا کے فیلڈ نظام اور انتظامی نگرانی کی کمزوریاں سامنے آئیں۔رپورٹس کے مطابق کنٹرول رومز میں موجود افسران فیلڈ میں متحرک نظر نہ آئے، جبکہ انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور محکمہ ہاؤسنگ نے ناقص نکاسی آب کا ذمہ دار واسا کو قرار دیا۔ذرائع کے مطابق وزیر ہاؤسنگ اور سیکرٹری ہاؤسنگ کی جانب سے ڈی جی واسا پنجاب کو انتظامات بہتر بنانے کی کئی بار ہدایات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔