کاہنہ لاہور کے علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ایک ملازم کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عمران مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق عمران مسیح مویشی منڈی کاہنہ کاچھا میں صفائی کے فرائض انجام دے رہا تھا کہ منڈی کے داخلی راستے کے قریب موجود ایک بجلی کے کھمبے سے اچانک کرنٹ لگ گیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔مقامی افراد اور مزدور تنظیموں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے تعین اور مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔