ویب ڈیسک: شاہدرہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ریسکیو کے مطابق یہ افراد ایک دکان کی چھت پر نصب لوہے کے بورڈ کو اتار رہے تھے کہ اسی دوران انہوں نے بجلی کی تاروں کو چھو لیا، جس کے باعث بورڈ اور عمارت میں کرنٹ آ گیا۔ اس واقعہ میں فوری طور پر 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق، پیرا فورس کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ دکان پر لگا ہوا بورڈ اتاریں، تاہم کاریگر نہ ملنے اور ایف آئی آر کے خوف سے دکاندار خود بورڈ اتار رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں رکشہ ڈرائیور ندیم اور اویس شامل ہیں، لیکن دیگر دو افراد کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب، لٹن روڈ کے علاقے میں ایک آگ لگنے کے واقعہ میں ٹرانسفارمر ٹوٹ کر جل گیا، جس کے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ خوش قسمتی سے، آگ پر فوری قابو پا لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، آگ لگنے کا سبب بجلی کا شارٹ سرکٹ بتایا جا رہا ہے۔