روس یوکرین جنگ میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے، جہاں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر ڈرون اور میزائل حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق گزشتہ رات 355 یوکرینی ڈرونز مار گرائے گئے ہیں۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی ڈرون حملے میں شہر ریازان میں 3 افراد ہلاک اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے، جبکہ رہائشی عمارتیں اور ایک کارخانہ بھی متاثر ہوا۔دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی میزائل اور ڈرون حملوں میں 3 بچوں سمیت 24 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہوئے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے 675 ڈرونز اور 56 میزائل داغے، جن میں سے زیادہ تر کا ہدف کیف تھا۔ صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ حملوں میں رہائشی عمارتیں، اسکول، ویٹرنری کلینک اور دیگر شہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ حملوں میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے امکانات فی الحال مزید کمزور ہوتے جا رہے ہیں۔