گرم موسم میں کھلاڑیوں کا زور بازو آزمایا جائے گا، طویل کیمپ لگانے کی تیاری

گرم موسم میں کھلاڑیوں کا زور بازو آزمایا جائے گا، طویل کیمپ لگانے کی تیاری

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کی فٹنس اور تکنیکی کارکردگی میں بہتری کے لیے طویل مدتی تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، جو ممکنہ طور پر ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ عرصے میں قومی ٹیم کی مسلسل غیر تسلی بخش کارکردگی، بشمول آئی سی سی ایونٹس میں ناکامی اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست، کے بعد کرکٹ حکام نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق داخلی مشاورت میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ کھلاڑیوں کی لیگز میں مصروفیات کے باعث انہیں فٹنس اور تکنیک پر مستقل توجہ دینے کا وقت کم مل رہا ہے، جس سے کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔اس حوالے سے لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سات روزہ وائٹ بال کیمپ شروع کیا جا رہا ہے، جس میں 28 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ کیمپ 21 مئی تک آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز کی تیاریوں کے لیے جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق انڈر-19 فاسٹ بولرز علی رضا اور عبدالسبحان بھی اس کیمپ کا حصہ ہیں، جبکہ اس سے قبل ریڈ بال کیمپ میں 17 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وائٹ بال کیمپ میں صائم ایوب انجری کے باعث شریک نہیں ہو سکے۔ وہ گھٹنے کی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہوئے اور عید کے بعد دوبارہ کیمپ جوائن کرنے کی توقع ہے۔حکام کے مطابق طویل کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، پاور ہٹنگ، پاور پلے بیٹنگ اور جدید کرکٹ کے تقاضوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ساتھ ہی نوجوان کھلاڑیوں کو بھی زیادہ مواقع دینے کی حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کو نوجوان ٹیلنٹ کی کارکردگی سے حوصلہ ملا ہے اور مستقبل میں مزید نئے کھلاڑیوں کو قومی سیٹ اپ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔