اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے تنخواہ دار اور کاروباری طبقے کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے بجٹ میں ٹیکس کی شرح کوکم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسوں کی شرح کم کرنے اور عوام کی مشکلات میں کمی لانے کیکیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ احسن اقبال نے بجٹ کی ترجیحات اور معاشی اصلاحات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو اس بات کا مکمل احساس ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ زیادہ ہے، وزیراعظم آئی ایم ایف کے ساتھ ریلیف کے لیے خود کوششیں کر رہے ہیں تاکہ ٹیکس کی شرح کو مناسب حد تک کم کیا جا سکے۔ وزیر منصوبہ بندی نے اعتراف کیا کہ ٹیکس کی زیادہ شرح کی وجہ سے ملک میں معاشی سرگرمیاں سکڑ رہی ہیں، اس لیے بجٹ میں کاروباری ماحول کو سازگار بنانا اولین ترجیح ہوگی۔