اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی پر ایوانِ بالا میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پاکستان ایئر فورس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا:"ہماری ایئر فورس نے ثابت کیا کہ مہنگے جہاز لینا دفاعی صلاحیت کی ضمانت نہیں، اصل طاقت قوم کا جذبہ اور تربیت یافتہ فورس ہوتی ہے۔"
مودی حکومت پر تنقید اور خطرات سے خبردار
سینیٹر شبلی فراز نے بھارت کی موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ:"مودی کو پاکستان سے شدید نفرت ہے، وہ کبھی چین سے نہیں بیٹھے گا۔ ہمارا دشمن بدنیتی پر مبنی عزائم رکھتا ہے۔"انہوں نے قوم کو خبردار کیا کہ ہمیں مزید محتاط اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، کیونکہ دشمن ہر موقعے کی تاک میں ہے۔
خارجہ پالیسی اور داخلی استحکام کی ضرورت
شبلی فراز نے زور دیا کہ:"اس تاریخی کامیابی کو خارجہ پالیسی میں سفارتی فوائد میں بدلنا چاہیے۔ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کیا جائے۔"انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام ملک کے لیے ناگزیر ہے، اور حکومت کو چاہیے کہ:
سیاسی انتقام بند کرے
سیاسی مقدمات ختم کرے
تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے
عوام کا اتحاد ہی اصل طاقت
سینیٹر شبلی فراز نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا:"آج پوری قوم متحد ہے، ہمیں اس اتحاد کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ پاکستان دشمنوں کے ہر وار کا بھرپور جواب دے سکے۔"