کراچی : وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت نے پاکستان کو متحد کر دیا ہے، اور ملک میں ایک نیا جذبہ اور اتحاد پیدا ہوا ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "میں مودی کا شکریہ ادا کروں گا کہ اس نے ایک ایڈونچر سے سب کچھ بدل دیا، بیس دن پہلے کا پاکستان اور آج کا پاکستان بالکل مختلف ہے۔"کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی میں ایک عظیم الشان فتح حاصل کی ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں رہا ہے، مگر بھارت نے اسرائیل کے اکسانے پر بلاجواز کارروائی کی۔"انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، مگر انڈیا نے اس کا جواب ڈرونز اور میزائل حملوں سے دیا۔ "ہم نے ہر فورم پر امن کی بات کی، لیکن بھارت نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی۔"
وزیر صحت نے پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "میں پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے قومی دفاع میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔" ان کا کہنا تھا کہ "پاکستانی قوم کرائسز کے وقت ہمیشہ ایک ہو جاتی ہے، اور یہی ہماری اصل طاقت ہے۔ اختلافات موجود ہیں، مگر کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جن پر پوری قوم متفق ہو جاتی ہے۔"مصطفیٰ کمال نے اپنے بیان میں اتحاد، حب الوطنی اور عسکری قوت کو موجودہ حالات کا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیا۔