وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان میں تیار ہونے والے جدید وینٹیلیٹر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے یہ اہم مشینری بیرونِ ملک سے درآمد کی جاتی تھی، مگر اب ملک میں ہی تیار ہونے والی وینٹیلیٹرز سے قوم کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ مشکل وقت میں قوم متحد ہو کر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے اور اب مشینری کی لائسنسنگ کا عمل بھی آن لائن کر دیا گیا ہے، جس سے بدعنوانی کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کاغذی نظام میں رشوت اور تاخیر عام تھی، مگر اب یہ سب ختم ہو چکا ہے، اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو جو طاقت ملی ہے، اسے مثبت انداز میں استعمال کریں تو بیرونی خطرات سے ملک کو بچانا ممکن ہے۔وفاقی وزیر صحت نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر شعبہ صحت کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہیلتھ کیئر کے شعبے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، اور پاکستان میں ضلعی حکومتوں کو بھی صحت کے شعبے میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ حالات میں کچھ لوگ ویکسین کے خلاف سازشیں کرنے کا الزام لگاتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ دنیا بھر میں بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسین ضروری ہے۔مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر بتایا کہ کراچی کے اسپتال صوبائی حکومت کے زیر انتظام ہیں، جبکہ وفاقی حکومت کے پاس یہ سہولیات موجود نہیں۔ اس لیے، اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر جاری ہے اور کراچی میں بھی جناح میڈیکل کمپلیکس قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس نئے منصوبے سے عوام کو علاج معالجہ میں آسانی اور معیار میں بہتری آئے گی۔