احتجاج کا طریقہ روایتی نہ ہو، حکمت عملی اہم ہے:جنید اکبر

احتجاج کا طریقہ روایتی نہ ہو، حکمت عملی اہم ہے:جنید اکبر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جنید اکبر نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ چھوڑنے کے بعد کہا ہے کہ وہ اپنی قیادت اور کارکنوں کی توقعات پر پورا اترنے کی خواہش رکھتے ہیں، اور ضروری نہیں کہ ہر بار روایتی احتجاج ہی کیا جائے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں جنید اکبر کا کہنا تھا کہ "مجھے چیئرمین شپ چھوڑنے کا پیغام موصول ہوا تو میں نے فوری طور پر استعفیٰ دے دیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ جو ہدایت قیادت کی طرف سے آئے، اس پر لبیک کہنا چاہیے۔"انہوں نے مزید کہا کہ وہ احتجاج کے حق میں ضرور ہیں مگر طریقہ کار پر بات چیت ضروری ہے۔ "ہم ہر بار روایتی انداز میں احتجاج کرنے کے بجائے بہتر حکمت عملی سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔"

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے جنید اکبر کو ہدایت کی تھی کہ وہ پی اے سی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہو جائیں، جس پر عمل کرتے ہوئے جنید اکبر نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو پیش کر دیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں نئے لائحہ عمل پر غور کر رہی ہے، اور مختلف عہدوں پر تعینات اراکین سے بھی مشاورت جاری ہے۔