زراعت میں خودکفالت کا روڈ میپ؛ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے

زراعت میں خودکفالت کا روڈ میپ؛ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کسانوں کو جدید سہولیات، آسان قرضوں کی فراہمی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو زرخیز زمین، محنتی کسان اور ماہرین زراعت جیسے انمول اثاثے حاصل ہیں، جنہیں مؤثر حکمتِ عملی سے بروئے کار لاکر ملک نہ صرف خوراک میں خود کفیل ہو سکتا ہے بلکہ زرعی برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہے۔اجلاس میں "نیشنل ایگری انوویشن پلان" جلد پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ زرعی شعبہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام فریقین کی مشاورت سے ایک مربوط پالیسی تیار کی جائے جس میں صوبائی حکومتوں کو بھی شامل کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ زرعی بیجوں کی سرٹیفیکیشن کے نظام میں تیزی سے اصلاحات لائی جائیں اور اعلیٰ معیار کے بیجوں کے فروغ کو یقینی بنایا جائے۔

 انہوں نے زرعی تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کو ترجیحی بنیادوں پر عملی شکل دینے کی ہدایت کی تاکہ پیداوار میں اضافہ، لاگت میں کمی اور کسانوں کو زیادہ منافع حاصل ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک جامع زرعی ریگولیٹری فریم ورک ترتیب دیا جائے جو شفافیت، نظم و نسق اور پائیداری کو یقینی بنائے۔اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، سینیٹر مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ زرعی اصلاحات پر مشتمل ورکنگ گروپ کی تفصیلی تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔